مری(نوید نثار عباسی )مری میں تیز رفتار کوسٹرز شہریوں کے لیے خطرہ بن گئیں، علیوٹ حادثے میں راہ گیر جاں بحق، بھوربن اور کوہالہ روڈ پر بھی سخت نگرانی کا مطالبہ علیوٹ کے قریب راولپنڈی سے مظفرآباد جانے والی کوسٹر کی ٹکر سے راہ گیر کی ہلاکت نے مسافر گاڑیوں کی رفتار اور ڈرائیونگ کے طریقۂ کار پر سوالات اٹھا دیے ہیں حادثے کے بعد احتجاج ہوا،تاہم ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا کے احکامات پر ایس ایچ او پھگواڑی شاہد حسین گیلانی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا اور ٹریفک بحال ہو گئی۔پولیس نے کوسٹر تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جانے کی اطلاع ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بھوربن روڈ اور کوہالہ روڈ پر بھی کوسٹروں کی مبینہ تیز رفتاری کا فوری نوٹس لیا جائے۔ متعلقہ حکام ان سڑکوں پر رفتار کی پابندی، ڈرائیوروں کی ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنائیں۔شہریوں نے ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بڑے سانحے کا انتظار کیے بغیر ان اہم شاہراہوں پر مؤثر نگرانی کی جائے، کیونکہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونا چاہیے
