راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی ضلعی جنرل سیکرٹری سعدیہ عباسی نے صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین جناب آصف علی زرداری کو ان کی71ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری ایک مدبر، باصلاحیت اور دوراندیش سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے ہر مشکل اور کٹھن مرحلے پر جمہوریت، آئین کی بالادستی، وفاقِ پاکستان کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر آصف علی زرداری کی 71ویں سالگرہ کا کیٹ کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حلقہ ایل اے 44ویلی 5سے پیپلز پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی راشد اسلام بٹ، مہوش بتول، حفصہ بخاری ندیم، آصف اور دیگر بھی شریک تھے۔محترمہ سعدیہ عباسی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سیاسی وژن کو آگے بڑھانے میں صدر آصف علی زرداری کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے مفاہمت، برداشت اور قومی یکجہتی کی سیاست کو فروغ دیتے ہوئے ملک میں جمہوری نظام کے استحکام اور پارلیمانی روایات کی مضبوطی کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔محترمہ سعدیہ عباسی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے لاکھوں کارکن صدر آصف علی زرداری کو اپنی سیاسی جدوجہد، ثابت قدمی اور عوام دوستی کے باعث قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کی قیادت نے نہ صرف پارٹی کو مضبوط بنایا بلکہ ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی اہم خدمات انجام دیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی صدرِ پاکستان جناب آصف علی زرداری کو صحتِ کاملہ، درازی عمر، خوشیاں، کامیابیاں اور مزید ہمت و استقامت عطا فرمائے، تاکہ وہ اسی عزم اور جذبے کے ساتھ وطنِ عزیز، جمہوریت اور عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھ سکیں۔
