اِقبالؒ اور خُطباتِ اِقبالؒ کا تعارُفی مُطالعہ

امجد بٹ ۔ مری
09 نومبر 1877ء کو شیخ نُور مُحمّد (خیاط) اور اِمام بی بی جیسے دِینداروں کے گھر میں پیدا ہونے والے مُحمّد اِقبال کے بارے میں کون کہہ سکتا تھا کہ ساٹھ برس زِندگی پانے والے اِس شخص کے بارے میں دُنیا کی مُختلِف یُونِیورسِٹیوں میں نہ صِرف دس ہزار سے زیادہ مقالے لِکھے جائیں گے بلکہ کئی مُمالک کی یُونِیورسِٹیوں میں اِن کے نام پر شعبے بھی قائم ہوں گے ۔ تحقِیق کا یہ سِلسِلہ آج بھی جاری ہے جِن میں صِرف ایم ایس اور ایم فِل کے بارہ سو سے زائد جبکہ پی ایچ ڈی کے مقالوں کی تعداد ساڑھے تِین سو ہے ۔
علّامہ اِقبالؒ نے اُردُو ، فارسی اور انگریزی میں درجِ ذیل چودہ مُستند کُتب تصنِیف کی ہیں ۔

اُردُو کُتب :-

1 ۔ عِلم الاِقتصاد (1903ء)
2 ۔ بانگِ درا (1924ء)
3 ۔ بالِ جِبرِیل (1935ء)
4 ۔ ضربِ کلِیم. (1936ء)
5 ۔ ارمغانِ حِجاز “اُردُو حِصّہ (1938ء)

فارسی کُتب :-

1 ۔ اسرارِ خُودی (1915ء)
2 ۔ رمُوزِ بے خُودی (1918ء)
3 ۔ پیامِ مشرِق (1923ء)
4 ۔ زبُورِ عجم (1927ء)
5 ۔ جاوِید نامہ (1932ء)
6 ۔ پس چہ باید کرد اے اقوامِ شرق (1936ء)
7 ۔ ارمغانِ حِجاز “فارسی حِصّہ (1938ء)

انگریزی کُتب :-
1 . The Development of Metaphysics in Persia .(پی ایچ ڈی مقالہ).
2 . The Reconstruction of Religious Thoughts in Islam . (1930-34).

معرُوف ماہرِ اِقبالیات ڈاکٹر رفِیع الدِین ہاشمی کے مُطابِق “اِقبالؒ کی کُتب کے اِکیالِیس بڑی زُبانوں میں تراجم ہو چُکے ہیں” ۔ جبکہ یُونیسکو کی عالمی درجہ بندی کے مُطابق اِقبالؒ دُنیا میں سب سے زیادہ پڑھے جانے والے 20 بِیس بڑے شعراء میں شُمار ہوتے ہیں اور مولانا رُومی و سعدی شِیرازی کے بعد مُسلمان مُفکّرِین میں سے سب سے زیادہ کلام اِقبالؒ ہی کو پڑھا جاتا ہے ۔
عالمی زُبان اسپرانتو کے ماہر و معرُوف چِینی ناول نِگار لیوشن ژیونگ نے چِینی زُبان میں “اسرارِ خُودی” کا ترجمہ 1999ء میں کِیا (جو پاکِستانی اسپرانتو دانوں کی عِلمی اور مِلّی ذِمّہ داری تھی) جبکہ “خُطباتِ اِقبالؒ” کا جرمن ترجمہ معرُوف مُصنّفہ این میری شمِل نے کِیا ۔ اُردُو اور فارسی زُبان کے کِسی ادِیب کو اِقبال جیسی پذِیرائی آج تک نصِیب نہ ہو سکی ۔ آپ وثُوق سے کہہ سکتے ہیں کہ اُردُو نے اِقبال کو برِصغِیر کا محبُوب شاعر بنایا تو فارسی زُبان کے باعث اُنہیں اُمّتِ مُسلمہ کا بین الاقوامی مُفکّر تسلِیم کِیا گیا ۔ اِقبالؒ کا ستّر فِیصد کلام فارسی میں ہے جِسے پڑھے بغیر آپ اُن کے اُردُو کلام کی جڑ اور رُوح تک نہِیں پہنچ سکتے ۔ صِرف اُردُو کلام پڑھ کر کئی بار موصُوف کے بارے میں کُچھ ادِیب اور سیاست دان درُست رائے قائم نہ کر سکے ، کِیُونکہ اُن کی اُردُو شاعری دراصل اُن کے فارسی کلام اور انگریزی خُطبات کا نچوڑ ہے جو اُن کی شاعری کو سمجھنے کے لئے ناگُزیر ہے ۔ اِقبالؒ کی شاعری آپ میں حقِیقی عِلم کا ذوق پیدا کرتی ہے اور انگریزی خُطبات آپ کے لئے اِقبالی فلسفے کی دُنیا کو مُتعارف کرواتے ہیں ۔ اِقبال کی شاعری اگر دِل کا مقام رکھے تو خُطبات کو دماغ کا درجہ حاصِل ہو گا ۔ اِقبالؒ کو دُنیا بھر میں سب سے زیادہ بطور اِنقلابی اور رُوحانی مُفکّر مُتعارف کروانے والے اِیرانی ڈاکٹر علی شریعتی اور محترمہ این میری شمِل نے کہا تھا کہ ” اِقبالؒ کو شاعر سے زیادہ بحیثِیت فلسفی پڑھنا ضرُوری ہے” ۔
اِقبال نے سات برس کی عُمر میں اِبتدائی تعلِیم 1884ء میں شُرُوع کی ۔ 1892ء میں “سکاچ مِشن ہائی سکُول سیاکوٹ سے میٹرک ، 1895ء میں “مرے کالج سیالکوٹ سے اِنٹرمیڈیٹ ، 1897ء میں بی اے اور 1899ء میں ایم اے فلسفہ مع گولڈ میڈل گورنمنٹ کالج لاہور سے ، 1907ء میں ٹرِینِٹی کالج کیمرج یُونِیورسِٹی برطانیہ سے فلسفہ اور قانُون کی ڈِگری ، 1908ء میں بار ایٹ لاء کی ڈِگری اور پی ایچ ڈی فلسفہ میونخ یُونِیورسِٹی سے (عُنوان مقالہ ” اِیران میں مابعد الطبِیعات کا اِرتقاء”) 1908ء میں حاصِل کی ۔
اِقبالؒ کی تِین شادیوں میں سے پانچ بچّے پیدا ہُوئے ۔ دو بچپن میں ہی فوت ہُوئے ، سُپرِیم کورٹ کے جج اور اِقبالؒ پر کِتاب (زِندہ رُود) کے معرُوف مُصنّف جاوید اِقبال مرحُوم ، آفتاب اِقبال مرحُوم اور بیٹی مُنِیرہ بانو سے تو اِقبال کے مداحِین واقف ہیں ۔ اِقبالؒ نے ہر غیر معمُولی صلاحیتوں کے مالِک فرد کی طرح اپنی ناخُوشگوار ازواجی زِندگی کا اپنے خُطُوط میں اِظہار کِیا ہے کِیُونکہ اُن کی گھریلُو ذِمّہ داریوں سے زیادہ توجّہ مُطالعہ ، شاعری اور مُسلمانوں کے فِکری مسائل کی طرف تھی ۔
اللّٰہ تعالیٰ انبیاء کے عِلاوہ اپنے جِن خاص بندوں کو اِنسانی راہنمائی کے لئے مُنتخِب کرتا ہے اُن کی زِندگی کے شب و روز بھی عام افراد سے مُختلِف ہوتے ہیں ۔
اِقبال کی زِندگی میں ددجِ ذیل چند اعتراضات کا بڑا ذِکر ہوتا ہے :
1 ۔ انگریز سرکار سے وظِیفہ لینا ۔
2 ۔ انگریز سے “سر کا خِطاب” لینا ۔
3 ۔ ٹیگور کے مُقابلے میں اِقبالؒ کو “نوبل پرائز” کِیوں نہ مِلا ؟
4 ۔ کیا اِقبالؒ شراب نوش تھے ؟
5 ۔ کیا اِقبالؒ کے رِشتہ دار مِرزائی تھے ؟
درجِ بالا سوالوں کے جوابات کا نچوڑ بِالترتِیب ذیل میں ہے (تفصِیل ، طلب کرنے پر بھیجی جا سکتی ہے ) ۔
1 ۔ اِقبالؒ نے انگریز سے کوئی خُفیہ وظِیفہ نہِیں لِیا ۔ انگریز دورِ حکُومت میں بطور پروفیسر اور رُکن قانُون ساز کونسل کی تنخواہ اُن کا حق تھا وظِیفہ یا حکُومتی احسان نہِیں تھا ۔ بلکہ اِقبالؒ نے انگریز کے خِلاف کیا کُچھ نہِیں لِکھا ۔

“مکتب کی کرامت تھی کہ میں دِیں سے گیا”
“فرنگ کی رگِ جاں پنجۂ یہُود میں ہے”

2 ۔ انگریز ایوانوں تک مُسلمانوں کی آواز پہنچانے کے لئے 1922ء میں ادِیبوں ، وکِیلوں اور پروفیسروں کی عِلمی خِدمات پر دِیا جانے والا خِطاب قُبُول کِیا ۔
3 ۔ اِقبال کو “نوبل پرائز” نہ مِلنا ، ہر گِز اُن کی ادبی ، عِلمی یا لِسانی کمزوری نہِیں تھا بلکہ درجِ ذیل تِین اہم وجُوہات تھِیں ۔ (1) اِقبالؒ کی شاہکار فارسی کِتاب کا انگریزی ترجمہ پروفیسر نِکلسن نے 1920ء میں کِیا ، جبکہ معرُوف بنگالی ادِیب رابِندر ناتھ ٹیگور کو اپنی بنگالی تحرِیر “گِیتانجلی” Gitanjali کے طبع زاد ترجمے پر 1913ء میں اِنعام مِل چُکا تھا ۔ نِیز شاعری کی نِسبت نثری تحرِیروں کو اِنعام کے لئے اِس لئے زیادہ مُنتخِب کِیا جاتا ہے کہ ترجمے میں شاعری کی اصل رُوح اور پیغام کو مُنتقِل کرنے کا سو فِیصد حق ادا نہِیں ہو پاتا ۔ (2) اِقبال کا فلسفۂ خُودی ، مردِ مومن اور مُسلمانوں کی سامراج خِلاف سیاسی بیداری برطانوی سرکاری حلقوں میں قابلِ قُبُول نہ تھی ۔ (3) جب تک اِقبال کا بہترِین کلام ( 1924ء تا 1936ء) سامنے آیا ، یورپ پہلی اور دُوسری جنگِ عظِیم کے شکنجے میں آ چُکا تھا ، لہٰذا تحقِیقی اور فروغِ عِلم و ادب کی رفتار بھی عالمی سطح پر ماند پڑ چُکی گئی ۔ اِس کے باوجُود مغربی مُتشرّقِین(نِکلسن ، آربیری اور محترمہ این میری شمِل) نے اِقبالؒ کو ٹیگور سے بڑا شاعر اور مُفکّر قرار دِیا ہے ۔
4 ۔ مولانا غُلام رسُول مہر اور دِیگر احباب نے ذاتی خطُوط میں لِکھا کہ جرمنی و برطانیہ کے زمانۂ طالبِ عِلمی کے دوران(1905ء تا 1908ء) میں کبھی کبھار ایسا ہُوا ، جبکہ اِقبالؒ نے اپنے کلام میں حقِیقی شراب کی سخت مُخالفت کی ہے ۔ اِقبالؒ کے شاگِردانِ رشِید ( مِیاں مُحمّد ، شفِیع ، سید نذِیر اور چوہدری مُحمّد حُسین) نے اِن کی زِندگی کو تہجّد گُزار قرار دِیا ہے ۔ ڈاکٹر جاوید اِقبالؒ اور ڈاکٹر رفِیع الدِین نے بھی اِسے عارضی لغزِش قرار دے کر ساری زِندگی پر مُحِیط کرنے کو تارِیخی بددیانتی قرار دِیا ہے ۔
5 ۔ برِصغِیر میں قادیانیت کے خِلاف پہلی اور سب سے مضبُوط آواز اِقبالؒ پر یہ اِلزام لگا کر قادیانیت کو سہارا دینے کی کوشِش کی گئی ہے ۔ اِقبالؒ کے مقالہ جات “اِسلام اور قادیانیت” اور
Qadianis and Orthodox Muslims
اِس کے گواہ ہیں ۔ دراصل یہ افواہ اِقبالؒ کے اِبتدائی اُستاذ مِرزا غُلام قادر کے نام میں لفظ “مِرزا” کو غُلام احمد قادیانی سے جوڑنے کے باعث پیدا ہُوئی نِیز اِن کے خاندان میں کِسی کے مِرزائی ہونے کا کوئی دستاویزی ثبُوت دستیاب نہِیں ہے ۔
علّامہ ڈاکٹر محمد اِقبالؒ کو عام طور پر برِصغِیر میں ایک عظِیم شاعر کے طور پر جانا جاتا ہے ، لیکِن مغربی دُنیا اور عالمِ اِسلام کی جامعات میں اُن کی اصل پہچان ایک جدید مُتکلّم اور فلسفی کی ہے ۔ اِس فلسفیانہ پہچان کی بُنیاد اُن کے وہ سات انگریزی خُطبات ہیں جو بعد ازاں The Reconstruction of Religious Thoughts in Islam (تشکیلِ جدِید اِلہیاتِ اِسلامیہ) کے نام سے کِتابی شکل میں شائع ہوئے ۔ یہ خُطبات 1928ء سے 1932ء کے دوران میں مدراس ، حیدرآباد دکن اور علی گڑھ میں دِیئے گئے ۔ اگر اِقبالؒ کی شاعری اُن کے دِل کی دھڑکن ہے تو یہ خُطبات اُن کے ذہن کی مُکمّل تصوِیر ہیں ۔
اِقبالؒ کے نزدِیک مُسلمانوں کے زوال کی سب سے بڑی وجہ فِکری جمُود تھا ۔ اُنیسوِیں اور بِیسوِیں صدی میں جب مغرب میں سائنس ، فلسفہ اور سماجی عُلُوم میں اِنقلاب آ رہا تھا ، تو اِسلامی دُنیا ابھی بھی قرونِ وسطیٰ کے فِقہی اور کلامی مُباحث میں اُلجھی ہُوئی تھی ۔ اِقبالؒ نے اُن خُطبات میں دو بڑے سوالات کا جواب دینے کی کوشِش کی :
اوّل : کیا اِسلام کا تصوّرِ خُدا ، کائنات ، اِنسان ، جدِید سائنسی اور فلسفیانہ عُلُوم کے ساتھ ہم آہنگ ہے؟
دوم : کیا اِسلامی شرِیعت میں اِتنی لچک موجُود ہے کہ وہ جدِید دور کے تقاضوں کا جواب دے سکے ؟
اِقبالؒ کا جواب اثبات میں تھا ، لیکِن اِس کے لیے اُنہوں نے اِسلامی فِکر کی از سرِ نو تعمِیر کی دعوت دی ۔

اِقبالؒ کے سات خُطبات کا اجمالی جائزہ :

پہلا خطبہ : (عِلم اور مذہبی واردات )

اِقبالؒ دِین اور سائنس کی تفریق کو ختم کرتے ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ دِین محض اِیمان کا نام نہِیں بلکہ اِنسانی زِندگی کے تجربات کا نچوڑ ہے ، جیسے سائنس مُشاہدات و تجربات کا نتِیجہ ہے ۔ قُرآنِ کرِیم بار بار کائنات پر غور و فِکر کی دعوت دیتا ہے ۔ اِس لیے سائنسی عِلم دراصل دِینی شعور کا ہی ایک حِصّہ ہے ۔

دُوسرا خُطبہ : (مذہبی واردات کی فلسفیانہ کسوٹی)

یہاں اِقبالؒ جدِید مغربی فلسفے ، خاص طور پر برگساں اور وائٹ ہیڈ کے نظریات کی روشنی میں بتاتے ہیں کہ دِینی تجربہ کوئی وہم نہیں بلکہ اِنسانی خُودی کا براہِ راست خُدا سے رابطہ ہے ۔ یہ عقل کے خِلاف نہِیں بلکہ عقل سے آگے کی چِیز ہے ۔

تِیسرا خُطبہ : (خُدا کا تصوّر اور دُعا کا مفہُوم)

اِقبالؒ یُونانی فلسفے کے جامد خُدا کے تصوّر کو رد کرتے ہیں ۔ قُرآن کا خُدا کوئی بیٹھا ہُوا بادشاہ نہِیں بلکہ ایک زِندہ ، فعال اور تخلِیقی ہستی ہے جو ہر لمحہ کائنات میں نئی تخلِیق کر رہی ہے ۔ دُعا محض الفاظ نہِیں بلکہ خُودی کا اپنے سے بڑی خُودی (خُدا) کے ساتھ ربط کا نام ہے ۔

چوتھا خطبہ : (اِنسانی خُودی ، اِس کی آزادی اور بقا)

یہ خُطبہ اِقبالؒ کے فلسفۂ خُودی کا فلسفیانہ ماخذ ہے ۔ اِقبالؒ کہتے ہیں کہ اِنسان محض مِٹّی کا پُتلا نہِیں بلکہ ایک آزاد خُودی ہے ۔ تقدِیر کوئی بندھا ہوا نوِشتہ نہِیں بلکہ اِنسان خُود اپنی تقدِیر بناتا ہے ۔ موت خُودی کا خاتمہ نہِیں بلکہ اِس کی مزِید پُختگی کا ذریعہ ہے ۔ یہی نظریہ اِن کی فارسی مثنوی اسرارِ خُودی میں شاعری کی شکل میں موجُود ہے ۔

پانچواں خُطبہ : (اِسلامی ثقافت کی رُوح)

اِس میں اِقبالؒ بتاتے ہیں کہ اِسلامی ثقافت کی بُنیاد توحِید ہے ۔ توحِید صِرف ایک دِینی عقِیدہ نہِیں بلکہ ایک فِکری اُصُول ہے جو تمام اِنسانوں کو برابر کر کے اِن میں اِتحاد پیدا کر دیتی ہے اور نسل ، رنگ ، وطن و قومیت کے بُتوں کو توڑ دیتی ہے ۔ اِسلام کی تارِیخ دراصل اِسی اُصُول کو عملی شکل دینے کی کوشِش کا نام ہے ۔

چھٹا خُطبہ : (اِسلام میں حرکت کا اُصُول “اجتہاد”)

یہ خُطبہ پاکِستان کے آئینی اور قانُونی نِظام کی فِکری بُنیاد ہے ۔ اِقبالؒ کہتے ہیں کہ قُرآن اور سُنّت حتمی ہیں لیکِن فِقہ اِنسانی کوشِش ہے ۔ ہر دور کے مُسلمانوں کو حق ہے کہ وہ قُرآن و سُنّت کی روشنی میں نئے مسائل کا حل نِکالیں ۔ اِسی کو اِجتہاد کہتے ہیں ۔ اِقبالؒ نے تجوِیز دی کہ اِس کام کے لیے پارلِیمنٹ کو بطورِ مجلسِ اِجتہاد اِستعمال کیا جانا چاہیے ۔ پاکِستان کی وفاقی شرعی عدالت اور اِسلامی نظریاتی کونسل اِسی تصوّر کے تحت قائم کی گئی ہیں ۔

ساتواں خُطبہ : (کیا مذہب ممکن ہے ؟)

آخری خُطبے میں اِقبالؒ جدِید اِنسان کے اِضطراب کا حل پیش کرتے ہیں ۔ جدِید سائنس نے اِنسان کو مادی طاقت تو دی لیکِن رُوحانی سُکُون چھِین لِیا ۔ دِین ہی وہ واحد قُوّت ہے جو اِنسان کو اِس کی خُودی کی پہچان کرا کر اُسے دوبارہ مُعاشرے سے جوڑ سکتی ہے ۔

اِن خُطبات کی اہمیت اور اثرات مُلاحِظہ فرمائیں :

1. اِن خُطبات پر مُشتمِل مذکُورہ کِتاب آج ہارورڈ ، آکسفورڈ ، جامعہ الازہر اور تہران یونیورسٹی سمیت دُنیا کی تمام بڑی یُونِیورسِٹیوں میں اِسلامی فلسفے کے نِصاب کا حِصّہ ہے ۔
2. علّامہ اِقبالؒ کے تصوّرِ پاکِستان کا ماخذ یہی خُطبات ہیں ۔ چھٹے خُطبے میں اُنہوں نے واضح کِیا کہ اِسلام محض ایک مذہب نہیں بلکہ ایک مُکمّل دِین یعنی نِظامِ حیات ہے جِسے نافذ کرنے کے لیے ایک آزاد ریاست ضرُوری ہے ۔
3. جو نوجوان یہ سوال کرتے ہیں کہ اِسلام سائنس کے دور میں کیسے قابلِ عمل ہے ، اُن کے لیے یہ خُطبات سب سے بڑا جواب ہیں ۔
حاصلِ کلام یہ کہ :
اِقبالؒ کی اُردُو شاعری اگر اُن کے پیغام کا دروازہ ہے تو فارسی شاعری اس کا صحن ہے اور سات انگریزی خُطبات اِس عمارت کی بنیاد ہیں ۔ بُنیاد کے بغیر نہ دروازہ کھڑا رہ سکتا ہے نہ صحن ۔ جو شخص اِقبالؒ کو صِرف شاعر سمجھ کر پڑھتا ہے وہ اِقبالؒ کے جِسم کو دیکھتا ہے ، جو اُن خُطبات کے ساتھ پڑھتا ہے وہ اِقبالؒ کی رُوح تک پہنچ جاتا ہے ۔ اِسی لیے ڈاکٹر این میری شمل نے کہا تھا کہ مغرب کو اِقبالؒ بحیثیت شاعر کی بجائے بطور فلسفی پڑھنا چاہیے ۔
ماخذ :
1 ۔ شرح کُلیاتِ اِقبال (مولانا غُلام رسُول مہر)
2 . Iqbalcyberlibrary.net
3۔ اِقبال اکیڈیمی مطبُوعات
4 ۔ اِشاریہ مُقتدرہ قومی زُبان ۔
5 ۔ Ĉina Literatura Enciklopedieto


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں