راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) رنگ روڈ منصوبے کے باعث تحصیل راولپنڈی کے گاوں میرا موہڑہ انٹرچینج کے متاثرین اور اہلِ علاقہ نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے آبائی کھیتوں اور زرعی اراضی تک جانے والا قدیمی سرکاری راستہ فوری طور پر بحال کیا جائے۔متاثرین کے مطابق حکومت پنجاب نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے لیے لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کے تحت اراضی حاصل کی اور باقاعدہ ایوارڈ بھی جاری کیا، جبکہ اسی اراضی پر اس وقت میرا موڑہ انٹرچینج تعمیر کیا جا رہا ہے۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ منصوبے کے آغاز پر متعدد ریونیو افسران نے گاوں کا دورہ کیا تھا اور زبانی یقین دہانی کرائی تھی کہ عوامی مطالبے کے پیش نظر میرا موہڑہ انٹرچینج کا دائرہ محدود کر دیا گیا ہے، انٹری اور ایگزٹ سڑکوں کے ذریعے ہوگی، جبکہ اضافی اراضی اصل مالکان کو واپس کر دی جائے گی۔متاثرین کے مطابق تقریبا دو ہفتے قبل اچانک انٹرچینج کے چاروں اطراف سینکڑوں کنال رقبے کو باڑ لگا کر بند کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں میرا موڑہ کے رہائشیوں کا اپنی زرعی زمینوں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کسانوں اور زمین مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اہلِ علاقہ نے مزید موقف اختیار کیا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ایس او پیز میں واضح کیا گیا تھا کہ ریونیو ریکارڈ میں موجود کسی بھی عوامی یا سرکاری راستے کو بند نہیں کیا جائے گا، مگر میرا موڑہ میں موجود قدیمی راستہ، جو ریونیو ریکارڈ کا حصہ ہے اور برسوں سے عوام کے زیرِ۔ سے مندیال گاوں کی طرف جاتا ہے اور زرعی زمینوں تک رسائی کا واحد ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ منصوبے کے آغاز سے قبل یہ یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی کہ جہاں سرکاری راستہ موجود ہوگا وہاں سب وے تک رسائی فراہم کی جائے گی، مگر اس وعدے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔متاثرین نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ریونیو ریکارڈ میں موجود قدیمی سرکاری راستہ فوری بحال کیا جائے، اہلِ علاقہ کو اپنی زرعی زمینوں تک محفوظ اور مستقل رسائی فراہم کی جائے، متعلقہ اداروں کو سرکاری ایس او پیز پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے میرا موڑہ کے مکینوں کے تحفظات فوری طور پر دور کیے جائیں۔متاثرین نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلی پنجاب اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انصاف کی فراہمی اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے موثر اقدامات کریں گی۔مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے رہنما راجا الیاس کیانی، ضیا محمود چوہدری، حاجی ارشد جاوید، سابق نائب ناظم راجا مظہر حسین، راجا شکیل احمد، صوفی شبیر احمد، نمبردار منظور اور اہلیانِ میرا موڑہ نے بھی وزیراعلی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے باعث بند کیے گئے قدیمی سرکاری راستے کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور عوام کو اپنی زرعی زمینوں تک آمدورفت کے لیے مناسب اور مستقل راستہ فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کے ساتھ کیے گئے وعدوں اور حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ میرا موڑہ کے مکین قانون کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ افہام و تفہیم کے ذریعے حل ہو۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں کہ قدیمی سرکاری راستہ بحال کیا جائے اور اہلِ علاقہ کے جائز مطالبات منظور کیے جائیں۔رہنماوں نے خبردار کیا کہ اگر اہلِ میرا موڑہ کے جائز مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی اور راستے کی فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو اہلِ علاقہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
