مری (بیورو رپورٹ ) ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ریزولوشن کمیٹی (DRC) کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع میں تنازعات کے پرامن حل، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور مصالحتی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر مری کیپٹن (ر) ارشد اقبال، ایس ڈی او پیرا، محکمہ ریونیو کے افسران اور متعلقہ ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ روایتی عدالتی چارہ جوئی کے بوجھ کو کم کرنے اور باہمی رضامندی سے تنازعات کو نمٹانے کے لیے ڈسٹرکٹ ریزولوشن کمیٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی کے اراکین کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ عوامی تنازعات کے حل میں مکمل شفافیت، غیر جانبداری اور سرعت کو یقینی بنائیں تاکہ عام شہریوں کو فوری اور آسان انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔اجلاس کے آخر میں زیر التوا کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام متعلقہ محکموں اور کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی گئی کہ وہ باہمی اشتراک اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔



