راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی اورسابق صدر الخدمت فانڈیشن پاکستان میاں عبدالشکور نے کہا کہ ایک مضبوط، منظم، باصلاحیت اور باکردار تنظیم ہی مزدوروں کے مسائل کا موثر حل پیش کر سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مزدور تحریک کی قیادت کو ذاتی، گروہی اور علاقائی مفادات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف مزدور کاز کے لیے کام کرنا چاہیے حقیقی قیادت وہی ہے جو مشکلات، آزمائشوں اور دبا کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرتے ہوئے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے۔تربیتی نشست میں مزدور قیادت کی فکری، تنظیمی اور عملی صلاحیتوں میں اضافے، جدید لیڈرشپ اسکلز، تنظیم سازی،موثر ابلاغ، حقوق و فرائض کی ادائیگی، اور پاکستان کے محنت کش طبقے کو درپیش معاشی و سماجی مسائل کے حل اور اس امر پر بھی زور دیا کہ مزدوروں کی خوشحالی، ان کے بچوں کی معیاری تعلیم، علاج معالجے، سماجی تحفظ اور باوقار روزگار کے لیے منظم اور مسلسل جدوجہد ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کی لیڈرشپ ٹریننگ نشست اسلام آباد میں منعقدنیشنل لیبر فیڈریشن (NLF) پاکستان کے زیرِ اہتمام لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی، سیکرٹری جنرل محمد حسیب الرحمن، پی ٹی ایل کے صدر وحید حیدر شاہ ،سینئر نائب صدور عاشق خان، میاں تجمل حسین ، طیب اعجاز خان، صدر وسطی پنجاب محمد امین منہاس، آرگنائزنگ سیکرٹری سید عبدالعزیز شگری، سیکرٹری شمالی پنجاب نوید بنگش، ظہور شاہ پریم یونین راولپنڈی، خیبر پختونخوا کے کوآرڈینیٹر اسد علی، صدر خیبر پختونخوا وسطی جمشید منیر خان، سیکرٹری وسطی سمیع اللہ اور عبدالجبار اور دیگر شریک تھے۔ تقریب سے خطاب میں پریم یونین راولپنڈی کے سید ظہور شاہ نے کہا کہ مشیر امیر جماعت اسلامی میاں عبدالشکور نے مزدور رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدور تحریک کو کیسے آگے بڑھایا جائے اس پر انہوں نے مزدوررہنمائوں سے ڈسکشن کی جس پر مزدور رہنماں نے بتایا کہ مزدوروں کو اس وقت سب سے زیادہ نجکاری کے ذریعے اداروں کو کمزور کیا جا رہا ہے جس کی زندہ مثال پی ائی اے سٹیل مل اور دیگر اداروں میں پی ٹی سی ایل ریلوے میں ان سورس کے ذریعے مزدوروں کی تعداد کو کم کر کے بے روزگاری پیدا کی جا رہی ہے اس کے علاوہ مہنگائی پٹرول بجلی کے بے پناہ نرخوں میں اضافہ سے مزدوروں کے گھروں کا چولہا ٹھنڈا ہو گیا ہے مزدور خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں پاکستان کے اس نظام میں نظام کو بدلنا ہوگا اور دیانت دار قیادت کو لانا ہوگا پاکستان کے ساڑھے چار کروڑ مزدور نظام کی تبدیلی کے لیے دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں گے اور سات اگست کو مزدوروں کی تنظیمیں حافظ نعیم الرحمن کے سنگ ہوں گی اور اس کرپٹ گورنمنٹ کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گی انشااللہ۔شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان ایسی باصلاحیت اور باکردار مزدور قیادت تیار کرے گی جو ملک میں انصاف، خوشحالی، قانون کی بالادستی اور عوام دوست نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔اس تربیتی نشست میں خیبر پختونخوا، شمالی پنجاب اور وسطی پنجاب کے ذمہ داران نے شرکت کی، جبکہ پروگرام کی دوسری نشست سکھر میں منعقد ہوگی جس میں جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی تنظیمی قیادت شریک ہوگی۔
