راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان تحریک شاد باد ڈاکٹر محمد حنیف مغل نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان اقبال کے شاہین ہیں کاکروچ نہیں پاکستانی نوجوانوں کے لیے کاکروچ کا لقب استعمال کرنا پاکستانی نوجوانوں کی توہینِ ہے، اپنے حقوق کے لیے نوجوانوں بلکہ تمام عوام کو اپنی آواز کو بلند کرنا ضروری ہے، پاکستان تحریک شاد باد نے ہمیشہ پاکستانی عوام کے حقوق کے لیے نہ صرف آواز بلند کی ہے بلکہ عملی جدوجہد بھی کی ہے، پاکستان میں نوجوانوں کی مزاحمتی سیاست اور عوامی احتجاج کی ایک اہم مثال 2019 میں سامنے آئی، جب عمران خان کی حکومت کے دوران نوجوانوں نے اپنے حقوق، روزگار اور آزادی اظہار کے لیے آواز بلند کی۔ ان کے مطابق، اس تحریک میں آروج اورنگزیب بھی ایک نمایاں آواز تھیں، تاہم اس وقت یہ احتجاج زیادہ وسعت اختیار نہ کر سکا اور اسے ریاستی اقدامات کے باعث دبا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ہم نیپال، سری لنکا، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں نوجوانوں کی عوامی تحریکوں کو دیکھتے ہیں تو یہ واضح ہوتا ہے کہ نوجوان اپنے مستقبل، انصاف اور بہتر حکمرانی کے لیے پہلے سے زیادہ متحرک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد حنیف مغل نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز یہاں پی ٹی ایس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر محمد حنیف مغل نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک شاد باد کا مقف ہے کہ پاکستان کے نوجوان بھی باوقار روزگار، معیاری تعلیم، شفاف نظام، مہنگائی کے خاتمے اور عوامی حقوق کے لیے پرامن اور آئینی جدوجہد کا حق رکھتے ہیں۔ ملک کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب نوجوانوں کی آواز سنی جائے، اختلافِ رائے کا احترام کیا جائے اور عوامی مسائل کا حل طاقت سے نہیں بلکہ مذاکرات اور مثر پالیسیوں سے نکالا جائے۔
