میرپور ( انٹرنیشنل پریس ایجنسی) صدرمسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلاول بھائی! آپ برخوردار ہو، میری بات کا برا نہ ماننا، سیاست تلخی مارکٹائی نہیں ہونی چاہیئے، تلخی کی بجائے نوک جھونک ہونا اچھی بات ہے، بلاول! کشمیر کو کشمور اور میرپور کو میرپور خاص نہیں سمجھنا، ہم آزاد کشمیر کی تقدیر بدلیں گے۔
انہوں نے آزاد کشمیر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میرپور میں عوام کا جو جذبہ دیکھا، وہ غیر معمولی ہے۔ یہ منظر واضح بتا رہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو بھرپور عوامی حمایت حاصل ہے۔ مجھے یقین ہے کہ انشاء اللہ چوہدری سعید سمیت ہمارے تمام امیدوار کامیابی حاصل کریں گے۔ میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں۔
بہت عرصے بعد میرپور آ کر دل خوش ہو گیا۔ یہاں آنے کی تڑپ برسوں سے تھی۔ مجھے فخر ہے کہ میں بھی کشمیری ہوں۔ ہمارا رشتہ صرف سیاست کا نہیں، محبت، تاریخ اور شناخت کا رشتہ ہے۔ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ برسوں بعد میرپور آ کر خوشی بھی ہوئی اور ادھورے منصوبے دیکھ کر افسوس بھی۔ یہ شہر اس سے کہیں زیادہ ترقی کا حق رکھتا ہے۔ ہم عہد لے کر آئے ہیں کہ مسلم لیگ ن کو موقع ملا تو میرپور اور پورے آزاد کشمیر کی تقدیر بدلیں گے۔
ترقی کے جو منصوبے رک گئے تھے، انہیں دوبارہ شروع کر کے مکمل کریں گے۔ آزاد کشمیر میں ن لیگ کے وزیراعظم کیساتھ آزاد کشمیر کے چپے چپے میں جاؤں گا، آزاد کشمیر میں اسپتال اور موٹرویز بنیں گی۔ کشمیر میں اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز بنیں گی، آزاد کشمیر میں صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دیں گے۔
